ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی حکومت کسانوں کے مسائل سلجھانے میں ناکام، مجھے اقتدار پر جے ڈی ایس کی اجارہ داری ہضم نہیں ہورہی ہے : یڈیورپا

ریاستی حکومت کسانوں کے مسائل سلجھانے میں ناکام، مجھے اقتدار پر جے ڈی ایس کی اجارہ داری ہضم نہیں ہورہی ہے : یڈیورپا

Thu, 22 Nov 2018 12:51:57    S.O. News Service

بنگلورو،22؍نومبر(ایس او نیوز)سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے ریاستی حکومت پر کسانوں کے مسائل سلجھانے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ہے اس سلسلے میں آج بی جے پی کی طرف سے کئے گئے ریاست گیر احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے یڈیورپانے کہاکہ فوری طور پر حکومت کسانوں کے مسائل سلجھانے کے لئے قدم اٹھائے۔ یڈیورپانے کہاکہ بی جے پی نے کسانوں کے مسائل پر اپنا احتجاج اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک کہ ریاستی حکومت بے دخل نہیں ہوجاتی۔ شہر کے میسور بینک سرکل میں احتجاجیوں سے مخاطب ہوکر یڈیورپانے کہاکہ جو حکومت کسانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیتی، اسے اقتدار پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وزیر اعلیٰ کمار سوامی کی طرف سے کسانوں کے متعلق بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ کاشتکاروں کے تئیں اگر وزیر اعلیٰ کا رویہ ایسا ہی رہا تو یہ حکومت ان کے لئے کیا کرسکتی ہے اس سے صاف ظاہر ہوتاہے۔ یڈیورپانے کہاکہ کمار سوامی نے کسانوں کے قرضے معاف کرنے کا وعدہ کیا اور اب اس وعدے کو عملی جامہ پہنانے کی بجائے تکنیکی وجوہات بتاکر اپنا دامن بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جے ڈی ایس دراصل جے پی تحریک سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، جئے پرکاش نارائن نے عمر بھر کانگریس کے خلاف جدوجہد کی لیکن آج اقتدار کے لئے جے ڈی ایس نے جے پی کے تمام اصولوں کی دھجیاں اڑا کر کانگریس سے ہاتھ ملا لیاہے۔ دیوے گوڈا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے یڈیورپانے کہاکہ اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنانے کے لئے ایک سابق وزیراعظم کس حد تک گر سکتے ہیں دیوے گوڈا اس کی زندہ مثال ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کسانوں کو لٹیرے اور غنڈے قرار دیا، اب انہیں ان کسانوں سے معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ کل وزیراعلیٰ کی طرف سے ودھان سودھامیں کاشتکاروں کے ساتھ میٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے یڈیورپانے کہاکہ دراصل یہ میٹنگ نہیں بلکہ کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔ یڈیورپا نے کہاکہ صرف 37 سیٹیں جیت کر کمارسوامی اگر اتنا ہنگامہ کرتے ہیں توبی جے پی اسے ہرگز ہضم نہیں کرسکے گی۔ یڈیورپانے کہاکہ ریاست میں اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈ کے لئے کوئی رقم جاری نہیں کی گئی ہے۔ 10 دسمبر سے بلگاوی میں لیجسلیچر اجلاس کا آغاز ہورہا ہے ، اس اجلاس کے دوران بی جے پی ریاست کے کسانوں اور عوام کو درپیش سبھی مسائل کو اچھالے گی اور اس پر حکومت کو متوجہ کرانے کے ساتھ ان کے حل کے لئے بھی زور دے گی، اور ساتھ ہی حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے اجاگر کرے گی۔ اس موقع پر سابق وزیر آر اشوک اور دیگر بی جے پی لیڈروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔


Share: